لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں گرفتار شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بکتر بند گاڑیوں میں پیش کرنے سے روک دیا اور دونوں ملزمان کو بلٹ پروف گاڑیوں میں عدالت لانے کی ہدایت کر دی۔
احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بکتر بند گاڑیوں میں عدالت پیشی کے خلاف درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواست گزاروں نے موقف اپنایا کہ کمر درد میں مبتلا ہیں اس کے باوجود سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
دوران سماعت ایڈیشنل ہوم سیکرٹری اور ایس پی سیکیورٹی عدالت میں پیش ہوئے اور رپورٹ جمع کرائی جس میں بتایا گیا کہ شہباز شریف کی جان کو خطرے کے باعث بکتر بند گاڑیوں میں پیش کیا جاتا ہے۔
عدالت نے نے دونوں اپوزیشن لیڈرز کو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو منی لانڈرنگ ریفرنس میں 26 نومبر کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔