لاہور: (دنیا نیوز) قائد حزب اختلاف و رہنما مسلم لیگ نون شہباز شریف کو جنرل ہسپتال پہنچا دیا گیا، ہسپتال میں لیگی رہنما کا چیک اپ کرایا جائے گا۔
خیال رہے احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی، جس پر باپ بیٹے نے صحت جرم سے انکار کیا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے صحت جرم سے انکار کر دیا اور کہا کہ نیب کو سیاسی انجینئرنگ کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، نیب اپنی ساکھ کھوچکا، قیامت تک بھی کرپشن کے الزامات ثابت ہوگئے تو قوم کا قرض دار ہوں گا۔ سابق وزیراعلیٰ نے ایک بار پھر جیل میں طبی سہولیات نہ ملنے کا الزام لگایا اور کہا کہ سونے کے لئے بیڈ نہیں دیا گیا۔
فاضل جج جواد الحسن نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی درخواست پر فیصلہ قانون کے مطابق ہوگا۔ عدالت نے حمزہ شہباز سے استفسار کیا کہ آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں تو آ جائیں، تقریر کر لیں۔ لیگی رہنما حمزہ شہباز نے بھی الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ آج جس گاڑی پر لایا گیا، اس کی بریک نہیں ہے۔ عدالت نے نیب کے 3 گواہوں کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت 26 نومبر تک ملتوی کی تھی۔