لاہور: (دنیا نیوز) باغبانپورہ میں کمسن بچی کے مبینہ زیادتی کے بعد قتل کا کیس حل ہو گیا، قاتل ہمسایہ نکلا جسے پولیس نے گرفتار کر لیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔
باغبانپورہ میں کمسن بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کرنے کا افسوسناک واقعہ، کمسن بچی کی لاش گھر کے قریب خالی پلاٹ سے ملی۔ قاتل ہمسایہ نکلا جسے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دھر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے قتل کا اعتراف بھی کر لیا۔ ایس پی کینٹ انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود کی سربراہی میں سپیشل ٹیموں نے ملزم کو حراست میں لیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم ندیم شادی شدہ ہے اور 9 ماہ کے ایک بیٹے کا باپ ہے، ملزم بچی کو ورغلا کر اپنے گھر لے گیا اور زیادتی کےبعد قتل کر دیا۔ ملزم ندیم واردات کے بعد گھر کو تالا لگا کر چلا گیا۔ گزشتہ رات تین بجے کے قریب ملزم نے بچی کی لاش پلاٹ میں پھینک دی۔
ایس پی کینٹ سعد عزیز کا کہنا ہے کہ فرانزک ٹیموں نے بچی کے خون کے نمونے اورملزم کے گھر سے شواہد اکٹھے کر لئے، مزید حقائق پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے۔
ایس پی کینٹ نے مقتولہ کے والدین سے ملاقات کی اور مکمل تعاون کا یقین دلایا، وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔ سی سی پی او لاہورعمر شیخ نےکہا ہے کہ ملزم کو جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔