اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت انسانی حقوق نے گمشدہ اور جنسی زیادتی کا شکار ہونے والے بچوں کی مدد کے لیے زینب الرٹ ایپ کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
زینب الرٹ ایپ پاکستان سٹیزن پورٹل سے منسلک ہوگی اور ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کے لیے استعمال کی جائے گی۔ زینب الرٹ ایپ کا افتتاح 2018ء میں جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والی معصوم بچی زینب کے والد امین انصاری نے کیا۔
زینب الرٹ ایپ پاکستان سٹیزن پورٹل اور تمام ڈی پی اوز کیساتھ بھی منسلک ہوگی۔ بچوں کی فوری بازیابی اور ایف آئی آر اندراج کے لیے ریاستی مشینری بروقت متحرک ہو سکے گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ پاکستان سٹیزن پورٹل کے ذریعے مانیٹرنگ سے پولیس پر بھی پریشر رہے گا۔ زینب کے والد امین انصاری بھی اس موقع پر موجود تھے، ان کا کہنا تھا کہ بروقت کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے معصوم پھول درندگی کا نشانہ بن جاتے ہیں۔ پولیس کو جوابدہ بنانے کیساتھ سخت قانون سازی ناگزیر ہے۔