لاہور: (دنیا نیوز) موٹروے ریپ کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو شناخت پریڈ کے لیے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
اے ٹی سی کورٹ کے جج ارشد حسین بھٹہ نے موٹروے ریپ کیس کی سماعت کی۔ سی آئی اے پولیس نے ملزم عابد ملہی کو بکتر بند گاڑی اور سخت سیکیورٹی میں عدالت پیش کیا۔
پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کی شناخت پریڈ کرانی ہے لہذا اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے، عدالت نے جلد از جلد ملزم کی شناخت پریڈ کا عمل مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
موٹروے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد ملہی گرفتار
عابد ملہی کے شریک ملزم شفقت کو بھی جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کیا گیا۔ عدالت نے پولیس کی ملزم شفقت کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا بھی منظور کرلی۔
دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب نے عابد ملہی کی گرفتاری پر 50 لاکھ انعام کا اعلان کر دیا۔ سردار عثمان بزدار نے کہا پولیس نے شاندا کارکردگی دکھائی ہے۔
آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی کا کہنا ہے کہ عابد کئی روز تک چنیوٹ میں ایک زمیندار کے ڈیرے پر روپوش رہا، مانگا منڈی میں یہ اپنی بیوی کو ملنے گیا تو پولیس ٹیم وہاں موجود تھی، یہ گھر میں دیوار پھلانگ کر داخل ہوا تو دھر لیا گیا۔
ادھر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم کے والد نے علاقہ معزز کی وساطت سے عابد کو پولیس کے سامنے پیش کیا، علاقہ معزز خالد بٹ کی گاڑی میں ہی عابد کو سی آئی اے ماڈل ٹاون لایا گیا۔ خالد بٹ وہی ہیں جنہوں نے گذشتہ سال اپنے بیٹے کے اغوا پر 60 لاکھ تاوان ادا کیا تھا۔