لاہور: (روزنامہ دنیا) گجرپورہ زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد ننکانہ میں پھر پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہوگیا، ادھر پولیس افسران تبادلوں کی دوڑ میں مصروف ہوگئے۔
ٹی وی رپورٹ کے مطابق ملزم عابد ملہی اپنی سالی سے ملنے کیلئے دوبارہ ننکانہ صاحب پہنچا جہاں خاتون نے محلے داروں کی مدد سے پولیس کو اطلاع کی لیکن عابد ملہی پولیس اہلکاروں کو دیکھ کر قبرستان کے راستے فرار ہوگیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بھاری نفری تعینات کر دی۔
اس سے پہلے بھی ملزم کا پولیس کے ساتھ 4 مرتبہ آمنا سامنا ہوچکا ہے، 19 ستمبر کو تو ننکانہ میں ہی پولیس عابد ملہی کو 10 فٹ کے فاصلے سے پکڑنے میں ناکام رہی تھی۔
دوسری طرف وقت گزرنے کے ساتھ پولیس افسروں کی گجرپورہ زیادتی کیس میں دلچسپی کم ہونے لگی جبکہ سی سی پی او کے ساتھ اختلافات کے باعث کئی افسر لاہور میں کام کرنے کو تیار نہیں، مختلف ڈویژنز اور سرکلز کے 8 افسر تبادلوں کیلئے کو شاں ہیں۔