میری کسی بھی افسر سے ذاتی رنجش یا ناراضگی نہیں، محسن شاہنواز رانجھا

Published On 24 September,2020 09:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) لیگی ایم این اے محسن شاہنواز رانجھا نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میری کسی بھی افسر سے ذاتی رنجش یا ناراضگی نہیں ہے۔

محسن شاہنواز رانجھا کا کہنا تھا کہ جہاں تک کارکردگی کا تعلق ہے، ہم بالکل سوال پوچھ سکتے ہیں اور پارلیمنٹ میں سوال پوچھنے کا حق رکھتے ہیں۔ میں اس چیز کو سپورٹ نہیں کروں گا کہ ایک عورت کے ساتھ موٹروے پر واقعہ ہوا اور اسی کو ذمہ دار ٹھہرانے کی کوشش کی جائے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اور اسی متاثرہ خاتون کو کہا جائے کہ آپ رات کو موٹروے پر کیا کر رہی تھیں؟ آپ کو وہاں نہیں جانا چاہیے تھا، یہ درست نہیں ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ پولیس افسران اور مجھ سمیت تمام لوگوں کو اس متاثرہ خاتون کا ساتھ دینا ہوگا۔ متاثرہ خاتون کا ساتھ دینا اور انصاف فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ میں نے کمیٹی میں سی سی پی او لاہور سے بات کی تو اس کے بعد میرے خلاف سوشل میڈیا پر طوفان برپا ہو گیا۔ میں ایک بار پھر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میری کسی افسر سے کوئی ذاتی رنجش یا ناراضگی نہیں ہے۔