اسلام آباد: (دنیا نیوز) موٹر وے سانحہ کے بعد حکومت نے نیشنل ایمرجنسی ہیلپ لائن قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے پی ایم ڈلیوری یونٹ کو اہم ٹاسک سونپ دیا۔
وزیر اعظم آفس کے مطابق پی ایم ڈلیوری یونٹ نے نیشنل ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کام کا آغاز کر دیا۔ نیشنل ایمرجنسی ہیلپ لائن کے لیے الگ نظام تشکیل دیا جائے گا۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورتحال میں پورے ملک کے لیے ایک ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر ہوگا، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں عوام کو ایک مخصوص نمبر میسر ہوگا۔
وزیراعظم کی جانب سے نیشنل ہیلپ لائن نمبر کے قیام کو دو ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ملک کے تمام ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبرز کو نئے نظام سے منسلک کیا جائے گا، نیشنل ایمرجنسی ہیلپ لائن نمبر ٹول فری ہوگا۔ نیشنل ہیلپ لائن نمبر سے کسی بھی ناگہانی صورت میں شہری کی فوری مدد ممکن ہوگی، نئے سسٹم میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔
ملک کی تمام موبائل کمپنیوں سے معاونت حاصل کی جائے گی، نظام کو موثر اور مستحکم بنانے کے لیے قانون سازی کی جائے گی، قانون سازی کے لیے صوبوں سے بھی مشاورت ہوگی۔