لاہور: (دنیا نیوز) موٹروے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد ملہی پکڑا گیا یا خود گرفتاری دی ؟ معاملے میں نیا موڑ سامنے آگیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم کے والد نے علاقہ معزز سے عابد کو پولیس کے حوالے کرنے کی درخواست کی، جس پر علاقہ معزز کی گاڑی میں ہی عابد کو سی آئی اے ماڈل ٹاؤن منتقل کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق عابد ملہی ننکانہ سے فرار ہونے کے بعد چنیوٹ چلا گیا، چنیوٹ میں کچھ دن بھینسوں کے باڑے میں کام کرتا رہا، پیر کی صبح پولیس چھاپے سے قبل فرار ہو کر مانگا منڈی آگیا، والد اور علاقہ معزز سے رابطے کے بعد عابد کو پولیس کے حوالے کیا گیا۔
یاد رہے ملزم کی گرفتاری کیلئے شیخوپورہ، قصور سمیت 70 سے زائد مقامات پر چھاپے مارے گئے مگر ہر بار ملزم عابد ملہی بھیس بدل کر اور چکمہ دے کر رفوچکر ہوتا رہا۔ پولیس نے تاندلیانوالہ میں ملزم عابد ملہی کی موجودگی پر چھاپہ مارا، ملزم پولیس کو چکمہ دے کر مانگا منڈی والد کے گھر پہنچا،جہاں اسے پولیس کے حوالے کیا گیا۔