پاکپتن: (دنیا نیوز) پاکپتن میں اجتماعی زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی خاتون کی لاش پڑوسن کے گھر سے برآمد ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق خاتون کو اجتماعی زیادتی کے بعد قتل کیے جانے کا واقعہ پاکپتن کے علاقے چک بھیلا میں پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ مقتولہ کو بہانے سےگھر لےکر گئی جہاں پہلے سے موجود تین افراد نے اسے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کا کہنا ہے کہ ملزمان نے پکڑے جانے کے خوف سے خاتون کو قتل کیا۔ متاثرہ خاتون کی لاش پڑوسن کے گھر میں صندوق سے برآمد کر لی گئی ہے جبکہ 3 مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں چار افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ صدر پولیس نے واقعہ میں ملوث خاتون ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔
دوسری طرف آئی جی پنجاب انعام غنی نے پاکپتن میں خاتون کو اجتماعی زیادتی کے بعد قتل کیے جانے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔