وزیر اعظم کا دورہ افغانستان دو طرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت ہے: شبلی فراز

Published On 19 November,2020 02:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا دورہ افغانستان دو طرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت ہے، عمران خان خطے میں امن کے داعی ہیں۔

وزیر اطلاعات و سینیٹر شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ترقی اور خوشحالی افغان عوام کا حق ہے، دونوں ملکوں کے عوام بھائی چارے کے رشتے میں بندھے ہیں، انہوں نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں۔

دوسری جانب صدارتی محل آمد پر عمران خان کا شاندار استقبال کیا گیا، چاق چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعظم نے افغان صدر کے ہمراہ گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ تقریب کے آغاز پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی نے اپنے اپنے وفود کا تعارف کرایا۔

اس موقع پر وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود نے افغان ہم منصب حنیف اتمر سے ملاقات کی، جس میں افغان امن عمل اور خطے کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے کا امن و استحکام، افغانستان میں قیام امن سے مشروط ہے، عمران خان کا ہمیشہ سے موقف رہا کہ افغان مسئلے کو طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جاسکتا، بین الافغان مذاکرات کا کامیابی سے ہمکنار ہونانا گزیر ہے، پاکستان خطے میں امن کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔
 

Advertisement