میاں نواز شریف کی والدہ کا انتقال، آرمی چیف کی جانب سے اظہار تعزیت

Published On 22 November,2020 04:55 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شریف برادران کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے میاں محمد نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ اللہ سے دعا ہے کہ مرحومہ کی روح کو ابدی سکون عطا فرمائے آمین۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات شبلی فراز، گورنر، وزیراعلیٰ پنجاب، شیخ رشید، چودھری شجاعت، پرویز الہیٰ، بلاول بھٹو، آصف زرداری فضل الرحمان، سراج الحق، وزیراعظم آزاد کشمیر اور دیگر رہنماؤں نے بھی بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند اور جنت الفردوس میں مقام عطا کرے۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ اور مونس الہیٰ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر دلی رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سوگراوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے۔ اللہ کریم انھیں یہ صدمہ حوصلے اور صبر سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ والدہ سے بڑھ کر دنیا میں اور کوئی نعمت نہیں، والدہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے بندے کیلئے حسین تحفہ ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ ماجدہ کے انتقال پر بہت افسوس اور دکھ ہے۔ اللہ تعالی مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے بھی بیگم شمیم اختر کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں انہوں نے دعا کی کہ الله تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور میاں صاحبان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے میاں نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

 

Advertisement