کرپٹ اپوزیشن غیر ذمہ دارانہ حرکتیں کر رہی ہے: شبلی فراز

Published On 01 December,2020 03:07 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ کرپٹ اپوزیشن غیر ذمہ دارانہ حرکتیں کر رہی ہے، جلسوں میں کورونا کا مذاق اڑانا حماقت نہیں تو کیا ہے، ایس او پیز کی خلاف ورزی وائرس کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و سینیٹر شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا دنیا کورونا سے بچاؤ کیلئے کرفیو اور مکمل لاک ڈاؤن کی طرف جاری ہے اور ہماری اپوزیشن ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے کورونا کو دعوت دے رہی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا تھا احتجاج کی کال کے پیچھے مولانا فضل الرحمان کا ایجنڈا تحریک میں تشدد لانا ہے، اس ٹولے کے نزدیک انسانی زندگیوں کی کوئی اہمیت اور حیثیت نہیں، صوبائی حکومتوں کو کہنا چاہتا ہوں بہت احتیاط کریں، اب اس فسادی ٹولے کو تشدد کے علاوہ کوئی راستہ نہیں سوجھ رہا۔

 ادھر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا عوام کے جان و مال کی محافظ بزدار حکومت چاہتی ہے کہ عقل کی اندھی اپوزیشن ہوش کے ناخن لے، عوام کی جانوں کیساتھ مزید نہ کھیلے۔ انہوں نے کہا سیاست ہوتی رہے گی مگر زندگی کے نقصان کا ازالہ نہیں ہوتا، جس شہر میں بھی پی پی ڈی ایم کا جلسہ ہوا وہاں کورونا تیزی سے پھیلا، دعاگو ہوں اللہ اس وبا سے سب کو محفوظ رکھے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا کیخلاف حکومت پنجاب پرعزم ہے، وزیر اعلیٰ نے کورونا ٹیسٹینگ کیلئے ملتان اور رحیم یار خان میں دو نئی بی ایس ایل لیبارٹریز بنانے کی منظوری دی ہے، روزانہ 25 ہزار تک کورونا ٹیسٹ کئے جاسکتے ہیں، کورونا کی دوسری لہر زیادہ شدید ہے،عوام احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں احتیاط کریں، محفوظ رہیں۔

Advertisement