راولپنڈی/ اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔
صدر مملکت کی جانب سے میر ظفر اللہ خان جمالی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہلخانہ کو اس صدمے کو جھیلنے کی دعا کی گئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری تعزیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ مجھے میر ظفر اللہ خان جمالی کے انتقال کا سن کر بہت افسوس ہوا، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان کے اہلخانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔
دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری ٹویٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کی روح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے اہلخانہ کو یہ دکھ صبر واستقامت سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیر فیصل واوڈا، وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ، وزیر ریلوے شیخ رشید، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر ایوی ایشن ڈویژن غلام سرور خان، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق، چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الہیٰ اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سمیت دیگر شخصیات نے سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ میر ظفر اللہ خان جمالی نے ہمیشہ اپنی روایات کو زندہ رکھا اور قول وفعل میں اتفاق کی مثال قائم کی۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے انتقال کا سن کر دلی دکھ ہوا۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سابق وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے بھی ان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے میر ظفر اللہ جمالی کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ خبر سن کر دل گرفتہ ہوں۔ مرحوم ایک منجھے ہوئے سیاستدان تھے۔ وہ ایک انتہائی شفیق اور وضع دار شخصیت کے حامل تھے۔ مرحوم سیاست میں رواداری کی روشن مثال تھے۔ ان کے لواحقین اور پسماندگان کیساتھ دلی اظہار تعزیت کرتا ہوں۔
چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہیٰ نے بھی سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے ساتھ ہمارا دیرینہ تعلق تھا۔ ان کے ساتھ بہت سی خوشگوار یادیں وابستہ ہیں۔ ان کی پارلیمانی اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے میر ظفر اللہ خان جمالی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحوم شرافت کا پیکر، وضع دار اور اصول پسند سیاست دان تھے۔ ان کی سیاسی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے انتقال پر دلی صدمہ ہوا ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال کی خبر سن کر دل بہت رنجیدہ ہے۔ وہ ایک بہترین سیاستدان اور اچھی شخصیت کے حامل تھے۔ ان کے لواحقین اور پسماندگان کیساتھ دلی اظہار تعزیت کرتا ہوں۔