لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت مکمل ہونے کے بعد دونوں لیگی رہنماؤں کو کو کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کو بیگم شمیم اختر کی تدفین میں شرکت کے لیے ریلیف دیا گیا تھا۔
شہباز شریف اور حمزہ کو سخت سکیورٹی میں واپس سینٹرل جیل کوٹ لکھپت منتقل کیا گیا۔ سیکیورٹی کے پیش نظر دونوں رہنماؤں کو الگ الگ قافلوں کی صورت میں لے جایا گیا۔
شہباز شریف اور حمزہ کی روانگی کے موقع پر لیگی کارکنوں نے اپنے قائدین کے حق اور حکومت کی مخالفت میں شدید نعرہ بازی کی۔ روانگی سے قبل مریم نواز نے دونوں رہنماؤں سے الوداعی ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: پرویز الٰہی کی وفد کے ہمراہ شہباز شریف سے ملاقات ، والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت
خیال رہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو حکومت پنجاب نے بیگم شمیم اختر کے انتقال کے بعد 27 نومبر کو 5 روزہ پیرول پر رہا کیا تھا۔ گزشتہ روز دونوں رہنماؤں کے پیرول کی مدت میں ایک دن کی توسیع کی گئی تھی۔