اسلام آباد: (دنیا نیوز) بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز احمد شاہ کی جانب سے وزارت داخلہ چھوڑنے کی وجہ سامنے آ گئی ہے۔ خیال رہے کہ اب انھیں وفاقی وزیر انسداد منشیات کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق اعجاز شاہ نے خرابی صحت اور بھائیوں کی وفات کے بعد اپنی مصروفیات کے سبب وزارت داخلہ کی ذمہ داری سے سبکدوش کرنے کی درخواست کی تھی۔
سرکاری میڈٰیا کے مطابق یہ بات جمعہ کو وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں کہی گئی ہے۔
بریگیڈیئر اعجاز شاہ نے 30 مارچ 2019ء کو وزیر داخلہ کے اہم عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔ انھیں ابتدا میں بطور وزیر پارلیمان برائے امور کابینہ کا حصہ بنایا گیا تھا۔
خیال رہے کہ جولائی 2020ء میں اعجاز احمد شاہ کے بھائی پیر حسن احمد اور اس کے صرف ایک ماہ بعد ہی ان کے دوسرے بھائی پیر احمد انتقال کر گئے تھے۔