لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے تین اضلاع کے ہائی رسک علاقوں میں 8 روزہ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پہلی بار بچوں کو انجکشن کے ذریعے پولیو سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی۔ لاہور میں 6 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔
اس سلسلے میں لاہور کے علاقے سمن آباد میں بچوں کو قطروں کے بجائے پولیو کے حفاظتی ٹیکے لگائے گئے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق اس بار پولیو کی ویکسین انجکشن کے ذریعے بچوں کو دی جائے گی۔
آٹھ روزہ انسداد پولیو مہم لاہور، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے ہائی رسک علاقوں میں شروع کی گئی ہے۔ لاہور کی 87 سے زائد یونین کونسلز میں 6 لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو انجکشن لگائے جائیں گے۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر شاہد نبی کا کہنا ہے کہ والدین اپنے بچوں کو پولیو کے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں۔ بچوں میں قوت مدافعت جتنی بہتر ہوگی، اتنا ہی وہ پولیو سے لڑ سکیں گے۔
انچارج انسداد پولیو پروگرام سندس ارشاد کا کہنا ہے کہ پولیو سے بچاؤ کے ٹیکے محکمہ صحت کا تربیت یافتہ عملہ ہی لگائے گا۔ ٹیکے محکمہ صحت کے مقرر کردہ ہیلتھ سنٹرز یا مخصوص سائٹ پر لگائے جائیں گے۔ بچوں کو پولیو سے بچاؤ اور قوت مدافعت کو بڑھانے کیلئے ضروری ہے کہ انسداد پولیو کے ٹیکے لگوائے جائیں۔