مسلح افواج ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، آرمی چیف

Published On 16 December,2020 10:29 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جنگ میں چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جدید مہارت اور تعاون ضروری ہے۔ مسلح افواج ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گوجرانوالہ میں فیلڈ مشقوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ کور کمانڈر منگلا اور گوجرانوالہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور ایئر چیف مارشل نے طویل فاصلہ تک مار کرنیوالے اسلحہ کی مشقوں کا معائنہ کیا اور ایئر ڈیفنس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے ایئر ڈیفنس کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ میدان جنگ میں چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید مہارت اور تعاون ہونا ضروری ہے۔ مسلح افواج عوام کی حمایت سے ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
 

Advertisement