ملتان: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ یو اے ای ویزوں کی بندش عارضی ہے، جلد ختم ہو جائے گی، ابوظہبی، شارجہ، دبئی میں پاکستانیوں کی مشکلات پر بات کی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یو اے ای میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں، یو اے ای کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں کشمیر سے متعلق آگاہ کیا، یو اے ای قیادت سے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار پر بات کی، اسرائیل کے بارے میں عرب امارات کا مؤقف سنا، اسرائیل سے تعلقات کے بارے میں واضح مؤقف پیش کیا، واضح کر دیا فلسطین اور مسئلہ کشمیر پر ہمارا مؤقف دنیا پر عیاں ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے ہم پر کوئی پریشر نہیں، مسئلہ فلسطین کے دیر پا حل تک پاکستان اسرائیل سے تعلقات قائم نہیں کرسکتا، ہم نے پاکستان کے مفادات کو پیش نظر رکھ کر فیصلے کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دہشتگردی کو ہوا دے رہا ہے، بھارت پاکستان کیخلاف دیگر ممالک کی سر زمین کو استعمال کر رہا ہے۔