اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی خالی 8 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا، سندھ اور بلوچستان میں ضمنی الیکشن 16 فروری کو ہوں گے جب کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر پولنگ 19 فروری کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سندھ کے حلقہ پی ایس 43 سانگھڑ (تین) اور پی ایس 88 ملیر (دو) جبکہ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 20 پشین (تین) میں ضمنی انتخاب 16 فروری کو ہوں گے۔ امیدوار کاغذات نامزدگی 23 دسمبر سے 28 دسمبر تک حاصل کر سکیں گے۔ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی 4 جنوری تک کی جائے گی۔ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کو امیدوار ایپلٹ ٹریبونل میں 8 جنوری تک چیلنج کر سکیں گے۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 16 جنوری کو جاری کی جائے گی، امیدواروں کو انتخابی نشان 17 جنوری کو آلاٹ کیے جائیں گے۔
اسی طرح قومی اسمبلی کی دو، پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی ایک ایک خالی نشست پر پولنگ 19 فروری کو ہوگی۔ این اے 75 سیالکوٹ، این اے 45 کرم، پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 51 گوجرانوالہ اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 63 نوشہرہ کے ضمنی انتخابات کیلئے جاری شیڈول کے مطابق امیدواران کاغذات نامزدگی 25 دسمبر سے 30 دسمبر تک جمع کرا سکیں گے۔ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی 6 جنوری تک کی جائے گی، امیدواروں کی حتمی فہرست 20 جنوری کو جاری کی جائے گی جبکہ 21 جنوری کو انتخابی نشان آلاٹ کیے جائیں گے۔