اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) 25 ویں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس 30 دسمبر کو ہوگی، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود اجلاس کی صدارت کریں گے۔ صوبائی وزرائے تعلیم و دیگر متعلقہ حکام ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔
کانفرنس کا 4 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے جس میں تعلیمی ادارے 11 جنوری سے کھولے جانے، بورڈ امتحانات مئی کے آخری ہفتے اور جون کے شروع میں منعقد کرنے پر مشاورت ہوگی۔ اجلاس میں گرمیوں کی تعطیلات میں کمی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوگی، نیا اکیڈمک سال اگست میں شروع کرنے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کورونا کی تازہ صورت حال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک کیلئے باضابطہ تعلیم کی پالیسی ضروری ہے، وزارت تعلیم نے قومی تعلیمی پالیسی تشکیل دینے کا باضابطہ عمل شروع کر دیا۔ انہوں نے ٹوٹر پیغام میں کہا میری ہدایت پر وزارت تعلیم نے قومی تعلیمی پالیسی کیلئے وسیع مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے، ہم نے یکساں قومی نصاب سمیت متعدد اقدامات کئے ہیں اور تمام تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔