لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا خان شیرانی کے بیان نے پی ڈی ایم کا پول کھول دیا، حقائق چھپ نہیں سکتے۔
معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم لیڈر نے قوم کو مولانا ڈیزل کا اصل چہرہ دکھا دیا، جو اپنے ذاتی مفادات کیلئے گڈا اور گڈی کو استعمال کر رہا ہے، وہ اپنی بھاری قیمت وصول کرنے کیلئےعمران خان کے خلاف سازش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر، فلسطین اور فرقہ واریت بارے پالیسی پر پوری قوم متفق ہے، پی ڈی ایم ذاتی مفادات کی جنگ لڑ رہی ہے۔
ادھر معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ 21.80 فیصد ہے، حیدرآباد 19.03 فیصد مثبت کیسز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح 7.78 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے عظیم وزیراعلیٰ جھوٹا استعفیٰ تھما کر امریکا میں چھٹیوں پر ہیں، سندھ کے عوام بے یارو مدد گار ہیں، نااہلی ہو یا کورونا پر سیاست، پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت سب سے آگے ہے، بلاول اپنا لوٹا ہوا مال بچانے کی مہم پر ہیں۔