اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کے 2 روزہ دورے پر دبئی پہنچ گئے۔ پاکستانی قونصل جنرل، اماراتی وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اپنے دو روزہ دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوگا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود، حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کریں گے، وزیرخارجہ کا یہ دورہ مسلم ممالک کے ساتھ اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ کا تسلسل ہے، اس دورے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوںگے۔