لاہور: (دنیا نیوز) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سب نے دیکھا راجکماری نے عوام کو گمراہ کیا، ان کے چہرے سے شکست کے آثار واضح ہیں، اپوزیشن کا کرپٹ ٹولہ عوامی ہمدردی کیلئے صفائیاں پیش کررہا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کرپشن پہ کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، مینار پاکستان جیسے مقدس مقام پر اپوزیشن عناصر کی غلاظت کو قوم نے دیکھا، کنیز اول کہہ رہی ہے کہ جلسے کے خوف سے مقدمات درج کروائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ عاقبت نا اندیش ٹولے نے ہٹ دھرمی سے عوام کو کورونا میں مبتلا کرنے کی کوشش کی، لاہور میں کورونا مریضوں کی تعداد 62 ہزار 483 تک پہنچ چکی ہے جبکہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 28 ہزار 138 ہو گئی ہے۔ عوام کے تعاون سے کورونا پر منفی سیاست کرنے والوں کو بھی شکست دیں گے۔