اسلام آباد، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ

Published On 12 December,2020 08:34 am

لاہور: (دنیا نیوز) اسلام آباد، لاہور، قصور سمیت کئی شہروں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، مری، گلیات میں برفباری نے خوب رنگ جمایا، سیاح مال روڈ پر نکل آئے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سرمئی بادل چھلک اٹھے، آسمان سے برستے مینا، پہاڑوں پر برف کے گرتے گالوں نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔ اسلام آباد اور لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں کہیں رم جھم تو کہیں موسلادھار بارش ہوئیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش کا سلسلہ بارہ گھنٹے تک جاری رہا۔ قصور، چنیوٹ، بہاولنگر، وہاڑی، بہاولپور، پاکپتن، جھنگ، چشتیاں میں بھی بادل جم کر برسے۔

مری اور گلیات میں برفباری نے خوب رنگ جمایا۔ سیاح مال روڈ پر نکل آئے، برفباری سے خوب لطف اندوز ہوئے، شدید برفباری سے سیاحوں کی گاڑیاں بھی پھنس گئیں۔ ایوبیہ، نتھیا گلی، چھانگلہ گلی میں 6 انچ، مری میں 3 انچ برفباری ہو چکی ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ پنجاب میں بادل برسنے کا سلسلہ اتوار تک جاری رہنے کا امکان ہے، مری میں برفباری کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
 

Advertisement