وزیراعلیٰ پنجاب سے لیگی دھڑے نے ملاقات کی: وزیر قانون راجہ بشارت

Published On 11 December,2020 10:32 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ نون لیگ میں ایسا دھڑا موجود ہے جو تصادم کی سیاست نہیں چاہتا، دو درجن سے زائد لیگی ارکان وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کر چکے ہیں، اب بھی دو درجن سے زائد افراد عثمان بزدار سے براہ راست رابطے میں ہیں۔

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے اندر دو دھڑیں موجود ہیں ایک دھڑا تصادم کے خلاف ہے، مسلم لیگ ن کے بہت سے افراد تصادم کی پالیسی سے متفق نہیں، مزید لیگی ممبران اسمبلی جو اپنی پارٹی قیادت کے بیانیہ اور تصادم کے حق میں نہیں وہ جلد ملاقات کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ افراتفری کی سیاست کی علمبردار پی ڈی ایم کی منزل صرف این آر او ہے، وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے انہیں این آر او نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کا ایجنڈا لیکر چل رہی ہے، کورونا پر اپوزیشن رہنماؤں نے ثابت کیا ہے کہ ان کے سینے میں دل نہیں، اپوزیشن کا عوام کی زندگیوں پر سیاست کرنا المیہ ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا جلسوں کے ذریعے کورونا پھیلانے والے عناصر عوام سے مخلص نہیں، اپنی منفی سیاست کیلئے عوام کی زندگیوں کو داؤ پر لگانا کہاں کی سیاست ہے۔ انہوں نے کہا اپوزیشن کی حسرتیں نہ پہلے پوری ہوئیں، نہ آئندہ ہوں گی، پی ڈی ایم کا ٹولہ اسی طرح روتا رہے گا اور حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
 

Advertisement