لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہمیں لوگوں کی زندگیوں سےنہیں کھیلنا چاہیے۔ ہر وہ عوامی اجتماع جس سے کورونا کے پھیلنے کا خدشہ ہو وہ غیر قانونی ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یہ بات لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز سے نمٹنے کیلئے ٹیچنگ ہسپتالوں اور ڈی ایچ کیو کو متحرک کر رہے ہیں۔ ہماری تیاری مکمل ہونے چاہیے تاکہ ہر طرح کی صورتحال کا سامنا کر سکیں۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے زیر صدارت ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر کی ترقی کیلئے اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیروز پور روڈ پر ایک ہزار بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال بنایا جائے گا۔ یہ ہسپتال ارفع کریم انفارمیشن ٹیکنالوجی ٹاور کے قریب ایل ڈی اے کی اراضی پر بنایا جائے گا۔ ہسپتال کی تعمیر پر 7 ارب روپے لاگت آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کی سمری کی منظوری دے دی ہے۔
اس کے علاوہ ریلوے سٹیشن سے شیرانوالہ گیٹ تک اوور ہیڈ برج کی تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے پر مجموعی طور پر 4 ارب 50 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شاہکام چوک پر بھی اوور ہیڈ برج کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ منصوبے پر ایک ارب 50 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے لئے 10 انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک بنائے جائیں گے۔