پنجاب میں سندھ کی ثقافت کا دن منانے سے قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا: عثمان بزدار

Published On 06 December,2020 10:22 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہےکہ سندھ کی ثقافت کا شمار دنیا کی عظیم اور قدیم ثقافتوں میں ہوتا ہے، پنجاب میں سندھ کی ثقافت کا دن منانے سے قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے سندھ کے ثقافتی دن پر سندھ کے عوام کو مبارکباد پیش کی، وزیراعلی آفس لاہور میں سندھی ثقافت کے دن پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیر اعلی عثمان بزدار مہمان خصوصی تھے۔ معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سیکرٹری اطلاعات راجہ جہانگیر انور، لاہور آرٹس کونسل کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ثمن رائے اور دیگر شخصیات تقریب میں شریک ہوئیں۔

وزیراعلی عثمان بزدار، فردوس عاشق اعوان اور سیکرٹری اطلاعات کو سندھی اجرک کی چادریں پہنائی گئیں، وزیر اعلی عثمان بزدار کو سندھ کے معروف لوک گلوکار الن فقیر مرحوم کا پوٹریٹ بھی پیش کیا گیا۔

وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ سندھ کی ثقافت پاکستان کی ثقافت کی خوبصورتی ہے۔ ہماری سب ثقافتیں سانجھی ہیں، سندھی ثقافت کا دن منا کر دلی خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں بسنے والے ہمارے بہن بھائی ہیں- وطن عزیز کی مٹی آج ہم سے یکجہتی اور بھائی چارے کا تقاضا کرتی ہے- ہم نے مل کر مٹی کا قرض اتارنا ہے۔