عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈال کر جلسے کرنا حماقت ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

Published On 04 December,2020 09:39 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے دوران عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈال کر اجتماع کرنا سیاسی حماقت ہے، پی ڈی ایم کو اپنے منفی رویے پر نظر ثانی کرنی چاہیئے۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کوئی ذی شعور موجودہ حالات میں اجتماع کا سوچ سکتا ہے، نہ بات کر سکتا ہے، بدقسمتی سے یہ عناصر عقل کے ساتھ بصیرت سے بھی عاری ہیں، اپوزیشن دوغلے پن کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے کورونا کی پہلی لہر میں سخت لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا گیا، اب جبکہ کورونا کی دوسری لہر میں شدت آ رہی ہے، اپوزیشن جلسے کر رہی ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے عوام کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے، اس مفاد پرست ٹولے کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں، پی ڈی ایم کی قسمت میں رونا لکھا ہوا ہے، یہ ٹولہ آئندہ بھی روتا رہے گا، انسانی جانوں کا تحفظ مقدم ہے، عوام کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔
 

Advertisement