لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا کی موجودہ صورتحال میں اجتماعات کرنا عوام دشمنی کے مترادف ہے، پی ڈی ایم کی ہٹ دھرمی نے عوام کی زندگیوں کو داؤ پر لگا دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا اپنے بیان میں کہنا تھا اپوزیشن عناصر نے ثابت کیا ہے کہ ان کی سیاست کسی اصول یا نظریے کی بنیاد پر نہیں، چوروں کے اس ٹولے کے دلوں میں عوام کیلئے رتی بھر بھی درد نہیں، جلسوں کی وجہ سے کورونا کے پھیلاؤ میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، اپوزیشن کا غیر ذمہ دارانہ رویہ مایوس کن ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا پی ڈی ایم کے عاقبت نا اندیش عناصر نے پہلے کرپشن کا وائرس پھیلایا اور اب یہ کورونا وائرس پھیلانے کے ذمہ دار ہیں، قوم اس ٹولے کے منفی بیانیہ کو رد کرچکے ہیں، پی ڈی ایم کی انتشار کی سیاست دفن ہوچکی ہے۔