لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہور میں جدید بس ٹرمینل بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ عثمان بزدار نے بین الاقوامی معیار کا بس ٹرمینل بنانے کی اصولی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو 10 دسمبر تک بس ٹرمینل کا ڈیزائن پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیا بس ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب بنایا جائے گا، فیصل آباد اور ملتان میں بھی نئے بس ٹرمینل بنائیں گے۔
انہوں نے کہا لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں گرین الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، بسیں معیاری اور پائیدار ہونی چاہئیں، الیکٹرک بسوں کی خریداری کیلئے ضروری امور جلد نمٹائے جائیں، خریداری کا تمام عمل انتہائی شفاف اور قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھ کر ہونا چاہیئے، الیکٹرک بسوں سے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ میں کمی ہوگی، لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کا دائرہ کار پنجاب کے ہر شہر تک پھیلائیں گے۔
عثمان بزدار نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام کی بھی اصولی منظوری دے دی۔