لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فردوس مارکیٹ انڈر پاس کا افتتاح کر دیا۔ صوبائی وزراء، فردوس عاشق اعوان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حکومت نے شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے تعمیراتی لاگت میں 13 کروڑ روپے کی خطیر رقم کی بچت کی، سنٹر پوائنٹ گلبرگ سے ایم ایم عالم روڈ اور کیولری گراؤنڈ کی طرف جانے والی ٹریفک میں روانی آئے گی، گلبرگ اور کینٹ ایریا کے دوران آمدورفت بلا تعطل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ لعل شہباز قلندرؒ انڈر پاس سے روزانہ تقریباً ایک لاکھ شہری مستفید ہوں گے، ایندھن کی مد میں سالانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی، شہریوں کا قیمتی وقت ضائع نہیں ہوگا، تعمیراتی لاگت میں 13 کروڑ روپے کی بچت کا کریڈ ٹ موجودہ حکومت کی شفاف پالیسیوں کو جاتا ہے، 560 کلو میٹر طویل لعل شہباز قلندرؒ انڈر پاس دونوں اطراف 2، 2 لین پر مشتمل ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ بارشی پانی کے اخراج کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں، منصوبے کو عظیم صوفی لعل شہباز قلندرؒ کے نام سے منسوب کیا ہے، لاہور شہر کی تعمیر و ترقی پر پوری توجہ ہے، لاہور کے شہریوں کو مزید سہولتوں کی فراہمی کے لئے نئے منصوبے شروع کر رہے ہیں، لاہور کے شہریوں کو مزید سہولتیں فراہم کریں گے۔