کورونا وائرس کی صورتحال تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

Published On 05 December,2020 04:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد صورتحال تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے۔ صوبہ بھرمیں اسپتالوں کوازسرنوفعال کردیا گیا ہے۔ حکومت کورونا سے بچاؤکے لیے اقدامات کررہی ہے۔ جہاں بھی غیرقانونی سرگرمیاں وہاں پرکارروائی ہو گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چوبیس گھنٹے میں540کورونا کے پوزیٹوکیس سامنے آچکے ہیں۔ پورے پنجاب میں دوہزارسے زائد سمارٹ لاک ڈاؤن کیے گئے۔ پنجاب میں1400سے زائد وینٹی لیٹرموجود ہیں، پنجاب میں 99 ہزارسے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صورتحال تشویشناک حدتک پہنچ چکی ہے، خدانخواستہ معاملہ خطرناک صورتحال اختیارکرسکتا ہے۔ محکمہ ہیلتھ کوآج ایک ارب کا بجٹ جاری کیا گیا ہے۔ صوبہ بھرمیں اسپتالوں کوازسرنوفعال کردیا گیا ہے۔ ایکسپوسینٹرکودوبارہ فعال کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بے قابو کورونا مزید خطرناک: 24 گھنٹے کے دوران 44 اموات، 3119 نئے مریض رجسٹرڈ

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گزشتہ روزکورونا کے13ہزارسے زائد ٹیسٹ کیے گئے، لاہورمیں کورونا کے مثبت کیسزکی شرح10فیصد سے بڑھ گئی ہے۔ کورونا کے حوالے سے صورتحال انتہائی خطرناک ہے، اجتماعات کے حوالے سے این سی او سی اور عدالتوں کا فیصلہ بھی موجود ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا بات کو جاری رکھتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ لاہورمیں625 سے زائد مقامات پر سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ جبکہ صوبے بھرمیں2ہزارسے زائد مقامات پر سمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔

سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں سے ہمیں کوئی پریشانی نہیں ہے۔ تحریک انصاف نے اپنے جلسے بھی کم کردیئے ہیں۔ اگرکسی کوکوئی پرابلم ہے تواسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لائے مقابلہ کریں گے۔ 

Advertisement