کراچی کے مزید علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ

Published On 04 December,2020 06:32 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے بعد کراچی کے مزید علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر آنے کے بعد سب سے زیادہ کیسز کراچی اور حیدر آباد سے سامنے آ رہے ہیں جس سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومت کوشاں ہیں، چند روز قبل حکومت کی طرف سے کراچی کے متعدد علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا جس کے بعد ایک مرتبہ پھر فیصلہ کیا گیا ہے کہ مزید علاقوں میں لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔

کراچی کے ضلع غربی کے 13علاقوں میں لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کےمطابق 5 دسمبر سے 18 دسمبر تک بلدیہ ٹاؤن، اورنگی، گڈاپ اور کیماڑی کے مخصوص علاقوں میں میں سمارٹ لاک ڈاؤن رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا منہ زور: 24 گھنٹے کے دوران 55 اموات، 3262 نئے مریض رجسٹرڈ

سمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں اسلام نگر، سعیدآباد، مہاجرکیمپ، معمارآباد، یوسف گوٹھ، کیماڑی، داتانگر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ حنیف آباد، پاک کالونی، میٹروول، بوانی چالی اور فرنٹیئر کالونی میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا۔

خیال رہے کہ آج احتساب عدالت کے جج ارشد ملک انتقال کرگئے، سابق جج ارشد ملک کورونا کے باعث ایک ہفتے سے وینٹی لیٹر پر تھے، نماز جنازہ مندرہ میں ادا کی جائے گی، پسماندگان میں 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔

سابق جج ارشد ملک کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ہسپتال داخل کرایا گیا تھا جہاں آج ان کا انتقال ہوگیا۔ ارشد ملک کو لاہور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی نے ویڈیو سکینڈل کیس میں عہدے سے برطرف کر دیا تھا، انہوں نے انتظامی کمیٹی کے فیصلے کو چیلنج کر رکھا تھا۔

اس سے قبل اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے مزید 55 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 8 ہزار 260 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 10 ہزار 72 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 262 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 21 ہزار 753، سندھ میں ایک لاکھ 79 ہزار 240، خیبر پختونخوا میں 48 ہزار 264، بلوچستان میں 17 ہزار 333، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 692، اسلام آباد میں 31 ہزار 639 جبکہ آزاد کشمیر میں 7 ہزار 151 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 56 لاکھ 72 ہزار 166 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 627 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 50 ہزار 305 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 395 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 55 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 260 ہوگئی۔ پنجاب میں 3 ہزار 115، سندھ میں 2 ہزار 983، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 389، اسلام آباد میں 332، بلوچستان میں 169، گلگت بلتستان میں 98 اور آزاد کشمیر میں 174 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

Advertisement