پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ سمارٹ لاک ڈائون آج شام 6 بجے سے نافذ ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پشاور میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔ پشاور کے یونیورسٹی ٹاؤن میں پارک روڈ، اولڈ جمرود روڈ، سرکلر لین، حیات آباد کے 2 علاقوں سمیت انڈسٹریل سٹیٹ، پولی فائن روڈ اور کینٹ میں گلبرگ، قیوم سپورٹس کمپلیکس کے علاقے شامل ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق متعلقہ علاقوں میں اجتماعات سمیت آمد و رفت پر پابندی ہوگی، خلاف ورزی کرنے والوں کے کے خلاف کارروائی کی ہدایات بھی جاری کر دی گئیں ہیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 67 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 8 ہزار 91 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 482 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 458 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 19 ہزار 578، سندھ میں ایک لاکھ 74 ہزار 350، خیبر پختونخوا میں 47 ہزار 370، بلوچستان میں 17 ہزار 187، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 658، اسلام آباد میں 30 ہزار 406 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 933 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 55 لاکھ 49 ہزار 779 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار 969 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 43 ہزار 286 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 165 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 67 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 91 ہوگئی۔ پنجاب میں 3 ہزار 36، سندھ میں 2 ہزار 935، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 369، اسلام آباد میں 318، بلوچستان میں 167، گلگت بلتستان میں 97 اور آزاد کشمیر میں 169 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔