پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں انتظامیہ نے کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن میں بیکریوں، ریسٹورنٹس، ہوٹلوں اور دکانوں کو سیل کر دیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پشاور کے علاقے حیات آباد، یونیورسٹی روڈ، صدر، دلزاک روڈ اور چارسدہ روڈ سمیت دیگر علاقوں میں کریک ڈاؤن کیا گیا۔ حیات آباد میں بیکری، مارٹ اور ریسٹورنٹ سیل کیے گئے۔
یونیورسٹی روڈ پر 8 ریسٹورنٹس سمیت 8 دکانیں سیل کی گئی۔ انتظامیہ کے مطابق رات 10 بجے تک دکانیں اور ریسٹورنٹس بند نہ کرنے والوں کیخلاف کارروائیوں کے دوران صدر میں 4 ریسٹورنٹس اور 6 دکانیں، دلزاک روڈ اور چارسدہ روڈ پر 3 ریسٹورنٹ، 4 دکانیں سیل کی گئیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 44 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 8 ہزار 303 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 13 ہزار 191 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 119 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 22 ہزار 293، سندھ میں ایک لاکھ 80 ہزار 940، خیبر پختونخوا میں 48 ہزار 683، بلوچستان میں 17 ہزار 392، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 708، اسلام آباد میں 31 ہزار 992 جبکہ آزاد کشمیر میں 7 ہزار 219 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 57 لاکھ 13 ہزار 341 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 115 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 52 ہزار 529 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 441 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 44 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 303 ہوگئی۔ پنجاب میں 3 ہزار 137، سندھ میں 2 ہزار 991، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 399، اسلام آباد میں 334، بلوچستان میں 169، گلگت بلتستان میں 98 اور آزاد کشمیر میں 175 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔