'کورونا کی موجودہ صورتحال میں کسی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کی اجازت نہیں'

Published On 07 December,2020 12:13 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کورونا کی موجودہ صورتحال میں کسی قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہے، ایس او پیز کے تحت صرف محدود اجتماعات ہوسکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کورونا صورتحال احتیاط کی متقاضی ہے، اپوزیشن جس طرح جلسے کر رہی ہے دنیا میں کہیں نہیں ہو رہا، عوام کی زندگیوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، لوگوں کو اکٹھا کر کے اپوزیشن کیا پیغام دینا چاہتی ہے ؟۔

قبل ازیں وزیر اعلی عثمان بزدار سے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی ہے جس میں لاہور شہر کی ترقی اور شہریوں کو مزید سہولتیں دینے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ منتخب نمائندوں نے شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے تجاویز دیں۔ اراکین اسمبلی نے لاہور کی ترقی اور شہریوں کی سہولت کے لئے میگا پراجیکٹس کے اعلان پر عثمان بزدار سے اظہار تشکر کیا۔

اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا لاہور کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کر رہے ہیں، لاہور کے شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے، منتخب نمائندوں کی مشاورت سے عوامی مسائل حل کریں گے، لاہور کے شہریوں کو ان کا حق دے کر رہیں گے، منتخب نمائندے عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا منفی سیاست کا جواب عوام کی خدمت سے دیں گے، زندہ دلان لاہور کو کرپٹ ٹولہ گمراہ نہیں کر سکتا، پی ڈی ایم کا ایجنڈا ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنا ہے، عوام ترقی چاہتے ہیں، افراتفری نہیں، بدقسمتی سے اپوزیشن کا ٹولہ ملکی مفادات کو فراموش کرچکا ہے، رسوائی ان عناصر کا مقدر ہے۔

عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں اسلم اقبال، ڈاکٹر یاسمین راشد، مراد راس، کرامت کھوکھر، نذیر چوہان، ندیم بارا، تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چودھری اور گڈ گورننس کمیٹی کے اعجاز منہاس شامل تھے۔
 

Advertisement