کورونا کیسز میں‌ اضافہ، حیدرآباد میں کل سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا اعلان

Published On 06 December,2020 11:41 am

حیدرآباد: (دنیا نیوز) کورونا کی دوسری لہر کے دوران ضلع حیدرآباد میں روز بروز متعدد کیسز اور بڑھتی اموات کے پیش نظرضلعی انتظامیہ نے ضلع حیدرآباد کے تحصیل سٹی، لطیف آباد، قاسم آباد اور ٹنڈوجام کے بارہ علاقوں میں سات دسمبر سے اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا اعلان کیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ضلع بھر کی 6 یوسیز کے بارہ علاقوں میں سات دسمبر سےاسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جائے گا، ان علاقوں میں قاسم آباد یوسی 2 کے علاقے، جیجل ماء ہسپتال روڈ، فرید پلازہ اور اطراف کے علاقے شامل ہیں جبکہ وہی گل لطیف کالونی، میتھن ہاؤسنگ سوسائٹی، سندھی مسلم ہاؤسنگ سوسائٹی بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی زد میں آئیں گے۔

سٹی کی یوسیز 2 کے علاقے ہیرآباد جیل روڈ، ڈاکٹرز کالونی، بھرگڑی فلیٹس، عامر ٹیرس سول اسپتال کےاطراف کے علاقے لطیف اباد کی یوسی 2 جی او ار کالونی،پٹھان گوٹھ اور دیہی ٹنڈوجام میں بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ ہو گا۔

واضح رہے کہ سندھ میں کراچی کے بعد کوویڈ 19 سے سب سے زیادہ حیدرآباد متاثر ہے جہاں روز بروز کورونا کے پوزیٹو کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
 

Advertisement