ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.71 فیصد تک پہنچ گئی: این سی او سی

Published On 07 December,2020 11:43 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.71 فیصد تک پہنچ گئی، کراچی میں سب سے زیادہ 21.31 فیصد پازٹیو کیسز سامنے آئے ہیں۔ ایبٹ آباد میں کورونا مثبت کیس 17.86 فیصد جبکہ پشاور 16.66 فیصد کورونا مثبت کیسز کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ہے۔

 این سی او سی کے اجلاس مین مختلف عہدے داروں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، کورونا وائرس کی دوسری لہر میں کیسز کی مثبت شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے، گزشتہ دو ہفتوں میں روانہ کی بنیاد پر 40 ہزار ٹیسٹ کیے گئے ہیں، 81 فیصد کیسز شہروں میں سے رپورٹ ہو رہے ہیں، 40 فیصد ٹیسٹ کنٹیکٹ ٹریسنگ سے کیے گے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق ملک بھر کے مختلف شہروں میں 4503 جگہوں پر سمارٹ لاک ڈان کیا گیا ہے، مختلف صوبوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے اداروں کو بھاری جرمانہ کر کے سیل کیا گیا۔ آزاد کشمیر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 11.93، بلوچستان میں 11.61، خیبر پختونخوا میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.22 فیصد ہے۔ اسلام آباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.20 فیصد، پنجاب میں 5.54 فیصد، گلگت بلتستان میں 2.89 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 37 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 8 ہزار 398 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 20 ہزار 294 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 795 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 23 ہزار 762، سندھ میں ایک لاکھ 84 ہزار 486، خیبر پختونخوا میں 49 ہزار 676، بلوچستان میں 17 ہزار 466، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 732، اسلام آباد میں 32 ہزار 816 جبکہ آزاد کشمیر میں 7 ہزار 356 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 57 لاکھ 94 ہزار 242 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 ہزار 76 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 56 ہزار 542 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 539 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 37 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 398 ہوگئی۔ پنجاب میں 3 ہزار 177، سندھ میں 3 ہزار 19، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 413، اسلام آباد میں 341، بلوچستان میں 169، گلگت بلتستان میں 98 اور آزاد کشمیر میں 181 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

 

Advertisement