پی ڈی ایم کا ایجنڈا ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنا ہے: وزیراعلیٰ عثمان بزدار

Published On 07 December,2020 09:44 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا ایجنڈا ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنا ہے، عوام ترقی چاہتے ہیں، افراتفری نہیں، بدقسمتی سے اپوزیشن کا ٹولہ ملکی مفادات کو فراموش کرچکا ہے، رسوائی ان عناصر کا مقدر ہے۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی ہے جس میں لاہور شہر کی ترقی اور شہریوں کو مزید سہولتیں دینے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ منتخب نمائندوں نے شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے تجاویز دیں۔ اراکین اسمبلی نے لاہور کی ترقی اور شہریوں کی سہولت کے لئے میگا پراجیکٹس کے اعلان پر عثمان بزدار سے اظہار تشکر کیا۔

اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا لاہور کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کر رہے ہیں، لاہور کے شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے، منتخب نمائندوں کی مشاورت سے عوامی مسائل حل کریں گے، لاہور کے شہریوں کو ان کا حق دے کر رہیں گے، منتخب نمائندے عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا منفی سیاست کا جواب عوام کی خدمت سے دیں گے، زندہ دلان لاہور کو کرپٹ ٹولہ گمراہ نہیں کر سکتا۔ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں اسلم اقبال، ڈاکٹر یاسمین راشد، مراد راس، کرامت کھوکھر، نذیر چوہان، ندیم بارا، تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز چودھری اور گڈ گورننس کمیٹی کے اعجاز منہاس شامل تھے۔
 

Advertisement