لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بسنے والے لوگ اپنے بنیادی حقوق کے لئے برسوں سے جدوجہد کر رہے ہیں، مودی سرکار نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا دیں، نہتے کشمیری عوام اپنے بنیادی انسانی حقوق کے لئے ترس رہے ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ نے پوری انسانیت کیلئے انسانی حقوق کا ابدی اور لافا نی پیغام دیا ہے، دین اسلام انسانی حقوق کا علمبردار ہے، پاکستان میں ہر شہری کو یکساں حقوق حاصل ہیں، انسانی حقوق کی پاسداری نہ کرنے والے معاشرے اخلاقی اور سماجی لحاظ سے تباہ ہو جاتے ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لینا چاہیے، بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی مہذب معاشروں کی پہچان ہے، شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کیے، جبری مشقت کے خاتمے، مذہبی آزادی اور بلا امتیاز انصاف کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں، آج ہمیں ہر شہری کے انسانی حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔