لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ملاقات ہوئی جس میں پی ڈی ایم کی انتشار پر مبنی سیاست کو ہر صورت ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ الیکشن 2023 میں ہی ہوں گے۔ امن وامان یقینی بنانے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف ایکشن لینے کا بھی فیصلہ کیا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ آئینی مدت سے حکومت ایک دن بھی پہلے کہیں جانیوالی نہیں، پی ڈی ایم کو عوام کی زندگیاں نہیں اپنی سیاست زیادہ عزیز ہے، اپوزیشن کے استعفوں اور احتجاج سے حکومت کو کوئی خطر ہ نہیں، کورونا میں شدت کے باوجود اپوزیشن کا جلسہ خطرناک ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا اپوزیشن کی سیاست ختم ہوچکی ، عوام حکومت کیساتھ ہیں، پی ڈی ایم جتنے مر ضی جلسے کر لے حکومت قائم رہے گی، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان آگے بڑھ رہا ہے، ملک سے کرپشن کا خاتمہ تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے۔