کراچی: کولڈ سٹوریج میں بوائلر پھٹنے سے دھماکا، مرنے والوں کی تعداد 10 ہو گئی

Published On 23 December,2020 09:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نیو کراچی کے کولڈ سٹوریج میں بوائلر پھٹنے سے دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 10 تک جا پہنچی ہے جبکہ تیس سے زائد افراد زخمی ہیں۔

منگل کو پیش آنے والے واقعے کے بعد سڑک سے ملبہ ہٹا کر راستہ کلیئر کر دیا گیا ہے۔ امدادی ٹیمیں کولڈ سٹوریج کا ملبہ ہٹانے کیلئے کام کر رہی ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز نیو کراچی میں قائم فیکٹری کے کولڈ سٹوریج میں پراسرار دھماکے سے چھت زمین بوس ہو گئی تھی۔ عمارت گرنے سے کئی افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔

حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیوں کے ذریعے ملبے تلے پھنسے افراد اور لاشوں کو نکال کر ہسپتال پہنچایا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق اب تک 10 افراد کی ہلاکتیں کنفرم ہو چکی ہیں جبکہ 30 سے زائد زخمی ہیں۔

میونسپل کمشنر ڈی ایم سی سینٹرل سمیرا حسین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ خدشہ ہے کہ دھماکا امونیا گیس پھیلنے سے ہوا۔ دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار نے وزیراعلیٰ سندھ سے متاثرین کو فوری امدادی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

بم ڈسپوزل سکواڈ نے 2400 گز کے رقبے پر مشتمل کولڈ سٹوریج کا ایک بار پھر جائزہ لیا۔ ملبے سے چھ موٹر سائیکلیں نکالی گئیں۔ رکشا اور دو گاڑیاں بھی مکمل طور پر تباہ ہوئیں۔ ایس پی نیو کراچی کا کہنا ہے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کی جائیں گی۔
 

Advertisement