مزار قائد واقعے کو پی ٹی آئی رہنماؤں نے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا: مرتضی وہاب

Published On 25 December,2020 03:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ مزار قائد واقعے کو پی ٹی آئی رہنماؤں نے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا، وفاقی وزیر نے دھمکیاں دیں، پریشر میں آکر پولیس نے ایف آئی آر درج کی۔

مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے آرمی چیف قمرجاوید باجوہ سےدرخواست کی تھی کہ ہرچیزقانون کےمطابق ہونی چاہئے، آرمی چیف نےانکوائری کمیشن تشکیل دیکرانکوائری کاحکم دیا۔ قانونی ادارے قانون کے تابع ہیں، قانون کے مطابق ہی فیصلے ہونے چاہئیں۔ وفاقی حکومت کوخط لکھنے کے بعد انکوائری رپورٹ پبلک کر دی جائے گی۔ واقعے میں ملوث پی ٹی آئی کے قومی و صوبائی ارکان کے خلاف کارروائی کی سفارش کریں گے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ مردم شماری نتائج کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں ہے، وفاقی کابینہ کا فیصلہ یکطرفہ اور غیر آئینی ہے، سندھ حکومت اس کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔ ایم کیو ایم سڑکوں پر نکلنے کے بجائے کابینہ سے نکلے۔ جی ڈی اے اور ایم کیوایم جن کےووٹوں سےحکومت چل رہی ہےوہ اپنا قانونی کردار ادا کریں۔

واضح رہے کہ ن لیگی رہنما کیپٹن (ر)صفدر نے گزشتہ ماہ مزار قائدؒ پر سیاسی نعرے بازی کی تھی جس پر مخالف سیاسی حلقوں کی جانب سے ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا تھا جبکہ کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا تھا۔