'وزیراعظم کو مستعفی ہونا پڑیگا، ضرورت پڑی تو سندھ حکومت کی قربانی کو تیار'

Published On 16 December,2020 03:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ 31 جنوری تک وزیراعظم کو مستعفی ہونا پڑے گا، ضرورت پڑی تو سندھ حکومت کی قربانی کو تیار ہے، سلیکٹڈ حکمرانوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے، لانگ مارچ کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور جلسہ کامیاب بنانے پر سب کا مشکور ہوں، لانگ مارچ کو بھی کامیاب بنائیں گے، ہم نے آمریت کا مقابلہ کیا، حکومت کو بھی گھر بھیجیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گھبراہٹ کا شکار ہے، یہ جانتے ہیں انہیں سینیٹ میں اکثریت نہیں ملے گی، حکومت کی کوشش ہے دھاندلی کر کے سینیٹ الیکشن میں اکثریت حاصل کرے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا 31 دسمبر تک تمام جماعتوں کی قیادتوں کے پاس استعفے جمع ہونگے، ہم ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے ملک اور اداروں کو نقصان ہو، ہم ملک اور ملکی اداروں کو بچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی مزاحمت کی تحریکیں چلانی کی ایک تاریخ ہے، ہمارے کارکنان کا جوش و جذبہ سب کے سامنے ہے، حکومت اور اس کے نمائندگان ہمارے کارکنان کے جوش و جذبہ کا مقابلہ نہیں کرسکتے، لاہور کے کارکنوں نے 13 دسمبر کے جلسے کیلئے بہت محنت کی۔