لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ میرے پاس دھڑا دھڑ استعفے آ رہے ہیں، سندھ حکومت کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔
جاتی امرا میں مریم نواز شریف کیساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت تحریک سے خوفزدہ ہے، اس لئے اپوزیشن اتحاد میں دراڑ ڈالنے کے خواب دیکھے جا رہے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ استعفوں سے متعلق پارٹی کی ای سی سی سے مشاورت ہوگی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی تاریخ میں کوئی لانگ مارچ اتنا کامیاب نہیں ہوگا، جتنا پی ڈی ایم کا ہوگا۔ عمران خان پہلے ہمیں دھمکیاں دے رہے تھے، اب کہتے ہیں کہ میں اپوزیشن کیساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہوں۔
میڈیا ٹاک کے دوران جب بلاول بھٹو سے پوچھا گیا کہ شیخ رشید وزیر داخلہ بن گئے ہیں، وہ کہتے ہیں مینار پاکستان سے عمران خان اوپر گئے، پی ڈی ایم والوں کی سیاست نیچے آ جائے گی، چیئرمین پیپلز پارٹی نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اس کا جواب رانا ثناء اللہ دینگے۔
اس موقع پر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جو انسان گزشتہ تین سال سے کہہ رہا تھا کہ این آر او نہیں دوں گا وہ آج پی ڈٰ ایم سے این آر او مانگ رہا ہے۔ بلاول بھٹو سے ملاقات میں پی ڈی ایم کے اگلے پلان پر بات ہوئی ہے۔