سٹیل ملز ملازمین کے بجائے وزیراعظم کو بر طرف ہونا چاہیئے: بلاول بھٹو

Published On 28 November,2020 03:16 pm

کراچی: (دنیان یوز) بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سٹیل ملز ملازمین کے بجائے وزیراعظم عمران خان کو بر طرف ہونا چاہیئے، پی ٹی آئی کو اس معاشی قتل سے جان چھڑانے نہیں دیں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے سٹیل ملز ملازمین کی برطرفی کی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے چار ہزار ملازمین کو برطرف کر دیا گیا، سٹیل ملز ملازمین کے بجائے عمران خان کو بر طرف ہونا چاہیے، اس تاریخی صنعتی اثاثے کی اراضی کے مالک اہلیان سندھ ہیں، پیپلزپارٹی بر طرف تمام ملازمین کو بحال کرے گی۔

دوسری جانب پاکستان سٹیل ملز ملازمین کی جبری برطرفی کے معاملے پر پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے مذمت کرتے ہوئے کہا تباہی سرکار جبری بر طرفی کر کے سٹیل ملز کو بیچ دے گی، روزگار دینے کے دعویٰ کرنے والی سرکار لوگوں کو بیروزگار کر رہی ہے، کورونا کے دوران لوگوں کو بیروزگار کرنا ظلم ہے۔

انہوں نے کہا وزیراعظم اداروں کی بحالی کی بات کرتے تھے، اب ہر ادارے کی نجکاری کر کے اپنی ناکامی چھپانا چاہتے ہیں، حکومت ملازمین کی جبری برطرفی کا فیصلہ واپس لے۔