کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی وجہ سے اپنی بہن بختاور بھٹو کی منگنی کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، معمولی علامات کے بعد میں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے، تاہم میں اپنی رہائشگاہ سے کام جاری رکھوں گا جبکہ یوم تاسیس کے جلسے سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کروں گا، تمام لوگ ماسک کا اہتمام کریں، میں آپ کا منتظر ہوں گا۔
سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو کی منگنی بروز جمعہ مورخہ 27 نومبر کو طے پائی ہے۔ کورونا وائرس کے پیش نظر محدود تعداد میں مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق منگنی کے لئے محمود چودھری فیملی کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے ہیں۔ بختاور بھٹو نے منگنی کی تقریب کے لئے خصوصی لباس ڈیزائن کرایا ہے۔ تقریب سے قبل بلاول ہاؤس کو ڈس انفیکٹ کرایا گیا ہے۔
منگنی کی تقریب میں آصفہ بھٹو، بختاور بھٹو کی سہلیاں، بھٹو اور زرداری خاندان کے صرف چند افراد شریک ہونگے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے باعث قرنطینہ میں ہیں، اس لیے بہن کی منگنی کی تقریب میں شریک نہیں ہونگے۔ صوبائی وزرا کو تقریب میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ہے۔