اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی ایئر لائن میں رضاکارانہ علیحدگی سکیم کی درخواستوں کی وصولی کی مدت ختم کر دی گئی۔ ابتدائی گنتی کے مطابق دو ہزار ملازمین نے سکیم کے ذریعے علیحدگی کا انتخاب کیا۔
ترجمان پی آئی اے کے جاری کردہ بیان کے مطابق ایک ہزار ملازمین کو ریلیز کے خطوط بھی جاری کر دئیے گئے ہیں۔ 22 دسمبر کو ختم ہونے والی سکیم ملازمین کے اصرار پر 28 اور پھر 31 دسمبرتک بڑھائی گئی تھی۔
سکیم سے استفادہ کرنے والوں میں اکثریت ایئرپورٹ سروسز، کمرشل اور فلائٹ سروسز کی ہے۔ پرکشش پیکج کے ذریعے ملازمین نے باعزت طریقے سے علیحدگی اختیار کی۔
پی آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیم کے ذریعہ افرادی قوت کو کم کرنا بزنس پلان کا کلیدی حصہ تھا۔ حکومت اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی حمایت کے لئے شکر گزار ہیں۔ سکیم کے تحت 20 فیصد تک افرادی قوت کم کرنے میں کامیاب ہوئے۔ سکیم کے ذریعے پی آئی اے تقریبا ڈھائی ارب روپے سالانہ کی بچت کرے گی۔