سعودیہ سے پاکستانیوں کی واپسی، پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن شروع

Published On 28 December,2020 02:54 pm

لاہور، کراچی: (روزنامہ دنیا) سعودی عرب کی جانب سے سفری پابندیوں میں نرمی کے بعد پی آئی اے نے آج سے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

سعودی عرب نے صرف یک طرفہ روٹ کی اجازت دی ہے، جس کے باعث پی آئی اے کے مالی بحران میں اضافے کا امکان ہے، تاہم پی آئی اے یہاں سے جدہ کے لیے کارگو لے کر جائے گی۔

سی ای او پی آئی اے ائر مارشل ارشد ملک کے مطابق نقصان کے باوجود پی آئی اے دیار غیر میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے پروازیں چلائی گی کیوں کہ کورونا کے باعث سعودی حکومت نے صرف یک طرفہ اجازت دی ہے۔ پی آئی اے پر یک طرفہ آپریشن کے باعث مالی بوجھ پڑے گا، مگر ہم وطنوں کی واپسی بھی ضروری ہے۔ سی ای او ائر مارشل ارشد ملک کی خصوصی ہدایات پر پیر سے پی آئی اے سعودی عرب سے پاکستانیوں کی واپسی کا آپریشن شروع کر دے گی۔

سی ای او پی آئی اے نے محکموں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ یہاں سے جانے والی پروازوں پر کارگو لوڈ کیا جائے۔ پُرکشش اور مناسب کارگو نرخ رکھے جائیں۔ ارشد ملک کے مطابق پی آئی اے کی ہمیشہ سے یہ روایات رہی ہے کہ وہ مشکل وقت میں قدم آگے بڑھاتی ہے۔ دیار غیر میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لے کر آنا ایک قومی ذمہ داری ہے۔
 

Advertisement